شیئر
امریکی ریاست اوکلاہوما میں پولیس کا کہنا ہے کہ جب ایک عورت نشے کی حالت میں گاڑی سے باہر گر گئی تو اس کے تین سالہ بچے نے چار رویہ سڑک پر چلنے والی گاڑی کو حفاظت سے موڑ کر سڑک سے ہٹا لیا۔
پولیس نے اس خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
33 سالہ ٹیلوا فوسٹر پر بچوں کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین نے کہا کہ بدھ کے دن جب خاتون گاڑی سے باہر گر پڑی تو ان کے بچے نے گاڑی کا سٹیئرنگ سنبھال لیا اور اسے مصروف سڑک سے اتار لیا۔
بچے کا جڑواں بھائی بھی اس وقت گاڑی میں موجود تھا۔
آخر میں گاڑی ایڈا شہر کے قریب ایک پشتے پر جا ٹکرائی۔ ایڈا اوکلاہوما سٹی کے جنوب مشرق پر 130 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بچے محفوظ ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ٹیلوا فوسٹر نے انھیں بتایا تھا کہ بچے نے اپنی سیٹ بیلٹ کھول دی تھی اور وہ واپس پہنانے کی کوشش کر رہی تھیں کہ گاڑی سے باہر گر پڑیں۔